انکولہ:12؍فروری(ایس اؤ نیوز)قومی شاہراہ 66کو فورلین میں منتقل کرنے کاکام ابھی مکمل نہیں ہوا ہے، لیکن ہٹی کیری میں ٹول فیس وصولی کی جارہی ہے، جس کی سخت مخالفت کرتےہوئے ٹپر، کار اور ٹمپو یونین کے لیڈران نے منگل کو ٹول پلازہ کا گھیراؤ کیا اور سخت برہمی کا اظہار کیا۔
احتجاجیوں نے کہاکہ مُدگا، چنڈیا، ارگا، آمدلی اور شرورکے دیہی علاقوں میں ابھی تک کام مکمل نہیں ہواہے، پوری سہولیات فراہم نہ کرتے ہوئے اچانک ٹول فیس وصول کرنا بالکل ناقابل قبول ہے، احتجاجیوں نے اس موقع پر کہا کہ ہم کسی بھی صورت میں فیس وصولی کرنے نہیں دیں گے۔ کے پی سی سی سکریٹری گوپال کرشنا نایک نے بات کرتےہوئے کہاکہ چھوٹے موٹے کاموں کے لئے انکولہ سے کاروار کی طرف روزانہ 100سے زائد سواریاں چلتی ہیں،صحیح طورپر سڑک کی تعمیر کئے بغیر ٹول فیس عائد کرنا ٹھیک نہیں ہے، انہوں نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ مقامی لوگوں کو فیس سے رعایت دی جائے۔ جواب میں آئی آر بی افسر مورتی نے کہاکہ ابھی تک 75فی صد کام مکمل ہوچکا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ہدایات پر ٹول فیس وصولی کی جارہی ہے۔
مقامی لوگوں کو رعایت : احتجاجیوں کے گرم رویہ کو دیکھتے ہوئے آئی آر بی کمپنی کے افسران نے نرم رویہ اختیار کیا۔ افسر مورتی نے بتایا کہ فی الحال مقامی عوام کو ٹول فیس سے رعایت دی جائے گی البتہ شاہراہ کا کام مکمل ہونےکے بعد ٹول فیس وصول کی جائے گی۔
جائے وقوع پر پہنچے کمٹہ اسسٹنٹ کمشنر اجیت نے احتجاجیوں کی شکایات کی سماعت کی۔ اس کے بعد انہوں نے کہاکہ اگلے دودنوں میں آئی آر بی کمپنی اور یونین کے ذمہ داران کے ساتھ ڈپٹی کمشنر اور نگراں کاروزیر کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا، انہوں نے یقین دلایا کہ میٹنگ میں مسئلہ کے حل کی کوشش کی جائے گی۔
فاسٹ ٹیگ ناکام :ہوناور تعلقہ کے ہولے گدے ٹول پلازہ پر بھی منگل کو عوام نے ٹول عملے کے خلاف اپنی برہمی کا اظہارکیا۔ فاسٹ ٹیگ کے ذریعے رقم وصولی کی مشین ٹھیک طرح سے کام نہیں کررہی تھی۔ جس کے نتیجےمیں سواریو ں کو رعایت دینے کے لئے کافی وقت ضائع ہورہاتھا، جس کے چلتے شاہراہ پر سواریوں کی لائن لگ گئی ، سواروں کا صبر برداشت کے باہر ہوگیا تو زبانی تکرار شروع ہوگئی ۔ اس موقع پر ٹپر مالکان سنگھا کے صدر گنپتی مول منے ، سورج نایک وندیگے ، ٹمپو یونین صدر بالنا نائک، کار اور ٹیکسی مالکان، ڈرائیور سنگھا کے صدر پروین نائک، تلسی داس کامت، روی نایک ، وشال نایک ،موہنی نائک، ماروتی نائک، جیون نائک وغیرہ موجود تھے۔